ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دو ماہ میں نتیش ٹیم کا دوسرا وکٹ گرا، نئے طوفان کی آہٹ: سشیل مودی

دو ماہ میں نتیش ٹیم کا دوسرا وکٹ گرا، نئے طوفان کی آہٹ: سشیل مودی

Mon, 03 Oct 2022 00:09:54    S.O. News Service

پٹنہ،3؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا رکن سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ عظیم اتحاد حکومت کے دوسرے داغدار وزیر سدھاکر سنگھ کا دو ماہ کے اندر استعفیٰ دینا ایک نئے طوفان کی آہٹ ہے۔ بہار کے وزیر زراعت سدھاکر سنگھ کے استعفیٰ دینے پر آج ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سشیل مودی نے کہا کہ دو مہینوں میں عظیم اتحاد حکومت کے دو داغدار وزراء کے جانے سے ریاست میں سیاسی عدم استحکام اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی فضیحت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کے معتمد جگدانند سنگھ اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے درمیان مونچھوں کی لڑائی ہے۔

بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ جگدانند سنگھ اور ان کے بیٹے سدھاکر سنگھ نے زراعت سے متعلق نتیش کمار کے روڈ میپ کو کھلے عام ناکام قرار دے دیا ہے اور محکمہ زراعت میں بدعنوانی کے بارے میں بات کرکے "بدعنوانی پر زیرو ٹالیرینس" کے وزیراعلی کے دعوی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی منڈی ایکٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کی بھی مخالفت کی ہے۔

سشیل مودی نے کہا کہ جگدانند سنگھ کو آئندہ سال 2023 میں تیجسوی پرساد یادو کو وزیر اعلیٰ بنانے کی ڈیل کو عام کرنے کی قیمت اپنے بیٹے کی وزارت کی قربانی دے کر چکانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارہ گھوٹالے کے معاملے میں جب لالو پرساد یادو کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا اس کے بعد جب گھریلو خاتون رابڑی دیوی وزیر اعلیٰ بنیں تو آر جے ڈی کے سربراہ کے خاندان کے معتمد جگدانند سنگھ نے پردے کے پیچھے سے حکومت چلائی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جگدانند سنگھ اور نتیش کمار کے درمیان ٹکراؤ میں کس کو جھکنا پڑے گا۔


Share: